اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر): عید کے روز جہاں ایک طرف عوام خوشیاں سمیٹنے میں مصروف رہے، وہیں ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید اور ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی ڈسٹرکٹ ہسپتال پہنچ گئے، جہاں انہوں نے زیر علاج مریضوں اور ڈیوٹی پر مامور عملے سے عید ملی۔
اعلیٰ ضلعی افسران کو اپنے درمیان پا کر مریضوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔ افسران نے مریضوں کی عیادت کی، انہیں عید کی مبارکباد دی اور مٹھائی، تحائف، عیدی اور کھانا تقسیم کیا۔ اس موقع پر طبی عملے کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے کمپنی پارک میں نماز عید کے مرکزی اجتماع میں سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے نمازیوں کے ہمراہ آئے بچوں میں عیدی بھی تقسیم کی۔
ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا کہ عیدالفطر اہلِ اسلام کے لیے خوشیوں کا پیغام ہے اور انسانیت کی خدمت ہی اصل عید ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید کی حقیقی خوشی ان لوگوں کو اپنی خوشیوں میں شامل کرنے میں ہے جو بیماری یا ڈیوٹی کے باعث اپنے اہلِ خانہ سے دور ہیں۔
ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے کہا کہ عید کے موقع پر ضلع بھر میں فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں اور عوام کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔