اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف ملک ظفر) اوکاڑہ پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری مہم کے دوران ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے بدنام زمانہ مبارکی ڈکیت گینگ کے سرغنہ سمیت چار ارکان کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق ایس ایچ او تھانہ ڈھلیانہ نوید نذیر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ایک خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کی، جس کے نتیجے میں گینگ کے سرغنہ مبارک عرف مبارکی سمیت اس کے دیگر تین ساتھیوں عمران، منظور اور رستم کو دھر لیا گیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 4 لاکھ 60 ہزار روپے سے زائد مالیت کا مالِ مسروقہ برآمد کیا ہے، جس میں ایک لاکھ روپے نقد رقم، 13 بوری کھاد، 3 جنریٹر ٹینکس، ایک سپرے ٹینک، ایک گریس گن، 2 بالٹی گریس، 3 کراس روٹاویٹر، 895 بوری باردانہ و سیبہ، 2 سنگل اور 4 بیگ پوٹاش شامل ہیں۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا ناجائز اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے ضلع کے مختلف علاقوں میں درجنوں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے، جس سے کئی مقدمات ٹریس ہونے کی امید ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مبارکی گینگ علاقے میں خوف کی علامت بنا ہوا تھا اور کسانوں کے زرعی آلات و کھاد کی چوری میں ملوث تھا۔ ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے تاکہ ان کے دیگر سہولت کاروں اور مالِ مسروقہ خریدنے والے گروہوں تک رسائی حاصل کی جا سکے۔ ڈی پی او اوکاڑہ نے بہترین کارکردگی پر ایس ایچ او ڈھلیانہ اور ان کی ٹیم کو نقد انعام اور تعریفی اسناد دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔