اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف ملک ظفر) سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر محمد احسان بھٹہ نے ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید کے ہمراہ جامعہ مسجد عثمانیہ میں جاری تعمیر و مرمت اور بیوٹیفکیشن کے منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران نے مسجد میں جاری تعمیراتی کاموں کی رفتار، پیش رفت اور معیار سے متعلق بریفنگ دی۔

دورے کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد سلیم چشتی، ڈائریکٹر پروجیکٹ محمد رفیق نور، ایڈمنسٹریٹر اوقاف پاکپتن ضیاء المصطفیٰ، اسسٹنٹ کمشنر احمد شیر گوندل، صدر انجمن تاجران شیخ ریاض اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر محمد احسان بھٹہ نے مسجد کے تعمیر و مرمت کے منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ بیوٹیفکیشن کے کاموں میں معیار، خوبصورتی اور پائیداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے تاکہ کسی قسم کی کوتاہی یا تاخیر نہ ہو۔

اس موقع پر ڈاکٹر محمد احسان بھٹہ کا کہنا تھا کہ جامعہ مسجد عثمانیہ مذہبی اور تاریخی اعتبار سے اوکاڑہ شہر کا قیمتی ثقافتی ورثہ ہے، جس کی تعمیر و مرمت اور تزین و آرائش سے نمازیوں کو بہتر اور جدید سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسجد کی بحالی اور بہتری کا کام ترجیحی بنیادوں پر جاری رکھا جائے گا۔

سیکرٹری اوقاف پنجاب نے مزید کہا کہ منصوبے کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کے لیے کام کی رفتار تیز کی جائے اور ترقیاتی کاموں میں معیاری میٹریل کے استعمال پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے