اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف ملک ظفر) وزیراعلیٰ پنجاب کے "ستھرا پنجاب” ویژن کے ثمرات تحصیل اوکاڑہ میں نمایاں طور پر نظر آنے لگے ہیں جہاں ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی خصوصی ہدایات پر صفائی ستھرائی کے نظام کو مثالی بنانے کے لیے انتظامیہ ہائی الرٹ ہے۔ شہر کا نقشہ بدلنے کے لیے جاری اس زیرو ویسٹ آپریشن کی قیادت ڈائریکٹر ملک زین اشفاق، مینجنگ ڈائریکٹر محمد حسن اور ڈسٹرکٹ مینیجر راؤ فیصل جبار کر رہے ہیں، جن کی زیرِ نگرانی تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ فیلڈ میں اسسٹنٹ کمشنر احمد شیر گوندل، پروجیکٹ مینیجر وسیم اشرف اور تحصیل مینیجر نعمان راشد خود صفائی کے کاموں کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ شہر کے چوک چوراہوں اور گلی محلوں کو کوڑا کرکٹ سے پاک کیا جا سکے۔

اس خصوصی مہم کے دوران سینٹری ورکرز کی بھاری نفری نہ صرف کوڑے کے پرانے ڈھیروں کا خاتمہ کر رہی ہے بلکہ نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے نالیوں کی بھل صفائی بھی ہنگامی بنیادوں پر یقینی بنائی جا رہی ہے۔ انتظامی حکام نے دوٹوک موقف اختیار کیا ہے کہ فرائض میں غفلت برتنے والے اہلکاروں کے لیے محکمے میں کوئی جگہ نہیں، جبکہ محنتی ورکرز کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ شہریوں نے انتظامیہ کے ان اقدامات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس مہم کے تسلسل کو برقرار رکھا جائے گا تاکہ اوکاڑہ پنجاب کا صاف ستھرا ترین شہر بن کر ابھر سکے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عوامی تعاون اور ٹیم ورک کے ذریعے ہی شہر کو مستقل بنیادوں پر صاف رکھا جا سکتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے