اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ) جامعہ عثمانیہ مسجد گول چوک اوکاڑہ میں تقسیمِ اسناد کی ایک عظیم الشان اور روح پرور تقریب منعقد ہوئی، جس میں علما، طلبہ، معززینِ شہر اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کی صدارت مفتی اعظم بہاولنگر مفتی عبد خلیق احمد اخوان نے کی، جنہوں نے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ کی علمی کاوشوں کو سراہا اور دینی تعلیم کی اہمیت پر زور دیا۔

مفتی عبد خلیق احمد اخوان نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ قرآنِ مجید امتِ مسلمہ کے لیے مکمل دستورِ حیات ہے اور دینی مدارس قرآن و سنت کی اشاعت کے مراکز اور اسلام کے مضبوط قلعے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہی مدارس کی بدولت دین کی اصل روح محفوظ ہو کر نسل در نسل منتقل ہو رہی ہے، جو معاشرے کی اخلاقی اور روحانی آبیاری کا اہم ذریعہ ہیں۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز قاری محمد عاصم عبدالودود اور قاری عبدالرحمن کی پُرسوز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جبکہ حافظ محمد عثمان قصوری اور حافظ اسحاق بدر نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں ہدیۂ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر مفتی عبدالحلیم (مہتمم جامعہ اشرفیہ)، مولانا عبدالقدیر اور قاری عمر تھانوی سمیت دیگر نامور علما و مشائخ نے بھی خطاب کیا اور مدارس کے تعلیمی و تربیتی کردار کو اجاگر کیا۔

تقریب کے آخری سیشن میں کامیاب طلبہ میں اسناد تقسیم کی گئیں، جس پر طلبہ اور ان کے والدین نے بے حد خوشی کا اظہار کیا۔ پروگرام کے اختتام پر ملک و ملت کی سلامتی، اتحادِ امت اور دینِ اسلام کی سربلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے