اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/ بیورو چیف ملک ظفر) اوکاڑہ میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) نے ایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ٹریکٹر چوری کی وارداتوں میں ملوث خطرناک گینگ کے سرغنہ کو اس کے ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا ہے۔ ترجمان سی سی ڈی کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 55 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے 3 عدد ٹریکٹر، 2 ٹرالے اور ایک زرعی ہل برآمد کر لیا گیا ہے۔
دورانِ تفتیش گرفتار ملزمان نے ضلع کے مختلف علاقوں میں کی جانے والی متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے، جس کے بعد پولیس نے مزید تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری جدید ٹیکنالوجی، ہیومن انٹیلی جنس اور پیشہ ورانہ مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے عمل میں لائی گئی ہے، جو کہ ضلع میں امن و امان کے قیام کی طرف ایک اہم پیشرفت ہے۔
ڈی او سی سی ڈی اوکاڑہ مہر محمد یوسف نے اس کامیاب کارروائی پر ٹیم کی مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے افسران اور اہلکاروں کو شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال اور ان کے قیمتی اثاثوں کا تحفظ سی سی ڈی اوکاڑہ کی اولین ترجیح ہے، جس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
مہر محمد یوسف نے مزید واضح کیا کہ ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے گا تاکہ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔ عوامی و سماجی حلقوں نے زرعی مشینری کی برآمدگی پر سی سی ڈی کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے کسانوں کے لیے ایک بڑی راحت قرار دیا ہے۔