اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/ بیورو چیف ملک ظفر) اوکاڑہ میں ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی قیادت میں ریونیو ٹیم کی کامیابیوں کا تسلسل برقرار ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شعجین وسطرو کی زیر نگرانی ریونیو ٹیم نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بورڈ آف ریونیو کی ماہ جنوری کی رینکنگ میں پنجاب بھر میں تیسری پوزیشن حاصل کر لی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ضلع اوکاڑہ نے 94.04 اسکورز حاصل کر کے صوبہ بھر میں نمایاں مقام حاصل کیا، جسے ضلعی انتظامیہ کی مؤثر حکمت عملی اور ٹیم ورک کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے شاندار کارکردگی پر پوری ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب بھر میں تیسری پوزیشن حاصل کرنا اجتماعی کاوشوں کا ثمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہترین ریونیو سروسز کی فراہمی، ریکوری کے اہداف کا حصول اور عوامی مسائل کا فوری حل ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے مزید محنت اور لگن سے کام کیا جائے گا تاکہ آئندہ بھی بہتر نتائج حاصل کیے جا سکیں اور عوام کو مؤثر اور شفاف خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔