اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف ملک ظفر) یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کے زیرِ اہتمام کشمیری عوام سے بھرپور اظہارِ محبت اور حمایت کے لیے ایک پُرامن اور باوقار ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس کی قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شعجین وسطرو نے کی۔ ریلی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد سلیم چشتی، سرکاری افسران، سول سوسائٹی کے نمائندوں، اساتذہ اور طلبہ سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مقبوضہ وادی میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف اور کشمیر کی آزادی کے حق میں نعرے درج تھے، جبکہ شرکاء کے پرجوش نعروں سے فضا گونجتی رہی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے اور غاصبانہ قبضے کے خاتمے تک ہر فورم پر ان کی آواز بلند کی جاتی رہے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی تکمیل کشمیر کی آزادی سے وابستہ ہے اور آج کا دن عالمِ اسلام کے لیے ایک واضح پیغام ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد سلیم چشتی نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیری عوام اپنی جدوجہد میں تنہا نہیں ہیں، پوری پاکستانی قوم ان کے شانہ بشانہ ہے؛ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حقِ خودارادیت دلوانے کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔ ریلی کے اختتام پر مقبوضہ کشمیر کے شہداء کے درجات کی بلندی اور وادی کی جلد آزادی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔