اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف ملک ظفر) حکومتِ پنجاب کے پولیو فری پاکستان مشن کے تحت ٹی ایچ کیو ہسپتال رینالہ خورد میں چار روزہ انسدادِ پولیو مہم کی پروقار افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری جاوید علاؤالدین اور ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فواد افتخار، ایم ایس ڈی ایچ کیو اور محکمہ صحت کے دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری جاوید علاؤالدین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صوبے سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ پانچ سال تک کے بچوں کی تواتر سے ویکسینیشن ہی انہیں اس مہلک وائرس سے ہمیشہ کے لیے محفوظ بنا سکتی ہے۔ انہوں نے پولیو ورکرز کو ہدایت کی کہ وہ گھر گھر جا کر محنت اور لگن سے کام کریں تاکہ اس قومی مہم کو سو فیصد کامیاب بنایا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے مہم کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 2 سے 5 فروری تک جاری رہنے والی اس مہم کے دوران ضلع بھر میں 5 سال سے کم عمر 6 لاکھ 52 ہزار 255 بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے ضلع بھر میں 2564 موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جبکہ ہسپتالوں اور مراکزِ صحت میں 141 فکسڈ ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں اور اہم پوائنٹس پر 66 ٹرانزٹ پوائنٹس کو بھی فعال کر دیا گیا ہے تاکہ سفر کرنے والے بچے بھی ویکسین سے محروم نہ رہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کے حکام اور انتظامی افسران کو ہدایت کی کہ وہ مائیکرو پلان پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور فیلڈ ٹیموں کی کڑی نگرانی کریں۔ انہوں نے ٹیموں کو لاجسٹک سپورٹ اور فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ویکسینیشن کا ڈیٹا مکمل طور پر درست اور غلطیوں سے پاک ہونا چاہیے۔ آخر میں انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کے محفوظ مستقبل کے لیے پولیو ٹیموں سے تعاون کریں اور انہیں قطرے ضرور پلوائیں۔