اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)اوکاڑہ میں سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر وسیم جاوید کی زیر نگرانی تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا گیا جس کے دوران قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کو ہزاروں روپے جرمانے کیے گئے اور غیر قانونی طور پر رکھا گیا سامان تحویل میں لے لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر وسیم جاوید کی قیادت میں پیرا فورس اور میونسپل کمیٹی کے اہلکاروں نے شہر کے مختلف تجارتی مراکز اور شاہراہوں پر انسداد تجاوزات مہم کے تحت اچانک چیکنگ کی، اس دوران سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر سامان سجا کر عوامی راستہ روکنے والے دکانداروں پر 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا اور تجاوزات پر مبنی سامان قبضے میں لے کر میونسپل کمیٹی کے گودام منتقل کر دیا گیا۔ انتظامیہ کی اس اچانک کارروائی سے تجاوزات مافیا میں کھلبلی مچ گئی اور کئی دکانداروں نے کارروائی کے ڈر سے خود ہی سامان دکانوں کے اندر منتقل کرنا شروع کر دیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر وسیم جاوید نے واضح کیا کہ تجاوزات قائم کر کے شہریوں کے لیے آمد و رفت میں مشکلات پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی تاکہ دکانداروں کو مقررہ حدود تک محدود رکھا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ انسداد تجاوزات کے اقدامات نہ صرف شہر کے حسن کو نکھارنے کے لیے ضروری ہیں بلکہ اس سے قانون کی بالادستی بھی مضبوط ہوتی ہے، کیونکہ قانون سب کے لیے برابر ہے اور عوامی جگہوں پر ناجائز قبضہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ وسیم جاوید کا مزید کہنا تھا کہ انتظامیہ کا مقصد شہر کو صاف ستھرا، محفوظ اور خوبصورت بنانا ہے اور اس مشن کی کامیابی کے لیے سرکاری اقدامات کے ساتھ ساتھ شہریوں اور تاجر برادری کا تعاون بھی ناگزیر ہے تاکہ اوکاڑہ کو ایک ماڈل شہر بنایا جا سکے۔