اوکاڑہ ( کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے پی ڈی پی پروگرام کے تحت شہر کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے خاص طور پر زیرِ زمین واٹر اسٹوریج ٹینکس اور دیگر تعمیراتی کاموں کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ڈیولپمنٹ حماد یوسف اور اسسٹنٹ کمشنر فیصل شہزاد چیمہ سمیت دیگر متعلقہ افسران اور کنٹریکٹرز بھی موجود تھے۔
اسسٹنٹ کمشنر فیصل شہزاد چیمہ نے جاری منصوبوں پر بریفنگ دیتے ہوئے کام کی رفتار سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے فاطمہ جناح پارک اور سڑکوں کے اطراف واٹر اسٹوریج ٹینکس کے کام کو جلد از جلد مکمل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے مشینری اور ورک فورس میں فوری اضافہ کیا جائے تاکہ عوامی دشواریوں کا ازالہ ہو سکے۔
ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کا کہنا تھا کہ بارشی پانی کے نکاس کے لیے واٹر اسٹوریج ٹینکس کا منصوبہ حکومتِ پنجاب کا ایک بہترین اقدام ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل سے شہر کے مرکزی حصوں میں نکاسی آب کے دیرینہ مسائل مستقل طور پر حل ہو جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر کے اہم چوکوں کی تزئین و آرائش سے اوکاڑہ کے حسن میں اضافہ ہوگا اور کاروباری سرگرمیوں میں بھی آسانی پیدا ہوگی۔
انہوں نے افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ عوامی مفاد کے ان منصوبوں میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ شہر کی خوبصورتی اور شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ منصوبوں کی شفافیت اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا تاکہ عوام ان ثمرات سے جلد از جلد مستفید ہو سکیں۔