اوکاڑہ( نامہ نگار، ملک ظفر) اسسٹنٹ کمشنر اوکاڑہ احمد شیر گوندل نے شہر میں صحت کی سہولیات کا جائزہ لینے کے لیے ڈی ایچ کیو سٹی ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اور وہاں موجود مختلف وارڈز، ایمرجنسی، لیبارٹری اور فارمیسی میں صفائی و طبی انتظامات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے زیر علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے ہسپتال میں فراہم کیے جانے والے علاج و معالجہ اور دیگر سہولیات کے بارے میں براہِ راست دریافت کیا تاکہ عوامی شکایات کا ازالہ کیا جا سکے۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر احمد شیر گوندل نے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں کو بروقت اور معیاری علاج کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اور ہسپتال میں ادویات کی دستیابی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے، ہسپتال کے اطراف سے عارضی تجاوزات کے خاتمے کی نگرانی کرنے اور پارکنگ فیسوں کے نرخ نامے (فلیکسز) نمایاں جگہوں پر آویزاں کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔

اسسٹنٹ کمشنر نے واضح کیا کہ عوام کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کا تسلسل جاری رہے گا اور اس مشن میں کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے