اوکاڑہ (کیو این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر ):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے دھی رانی پروگرام کے تحت اوکاڑہ میں اجتماعی شادیوں کی چوتھی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں ضلع اوکاڑہ کی 90 بیٹیوں کے شرعی فریضۂ نکاح کی ادائیگی کر دی گئی۔ تقریب میں صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال سہیل شوکت بٹ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں ممبران صوبائی اسمبلی میاں محمد منیر، چوہدری غلام رضا ربیرہ، شگفتہ فیصل، مسلم لیگ (ن) کے رہنما راؤ محمد اجمل، اے ڈی سی ایف اینڈ پی چوہدری عبدالجبار گجر، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اشتیاق خاں سمیت ضلعی افسران کی بڑی تعداد موجود تھی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے ہر شادی شدہ جوڑے کو دو لاکھ روپے سلامی کے اے ٹی ایم کارڈز فراہم کیے گئے۔ صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے متوسط گھرانوں کی بیٹیوں کے سر پر دستِ شفقت رکھتے ہوئے انہیں رخصت کیا۔ تقریب میں روایتی بھنگڑے کی پرفارمنس بھی پیش کی گئی، جس سے خوشی کا سماں دوبالا ہو گیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ دھی رانی پروگرام سوشل سیکٹر کا ایک جامع اور مؤثر منصوبہ ہے جو پنجاب کے متوسط گھرانوں کی بیٹیوں کی عزت، تحفظ اور باوقار مستقبل کا ضامن بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عوامی خدمت کے لیے دن رات کوشاں ہیں اور حکومتِ پنجاب کا عزم “کام اور صرف کام” ہے۔
سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ بیٹیوں کی شادیوں کا عمل بغیر سفارش، خالص میرٹ پر مکمل کیا جا رہا ہے اور والدین کو کسی کے آگے ہاتھ پھیلانے کی ضرورت نہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے متوسط گھرانوں کی بیٹیوں کی مکمل ذمہ داری اٹھائی ہے، جو اسلامی فلاحی ریاست کے تصور کی عملی مثال ہے۔
تقریب کے اختتام پر نو بیاہتا جوڑوں اور ان کے اہلِ خانہ نے اجتماعی شادیوں کے انعقاد اور مالی معاونت پر وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔