اوکاڑہ(کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) رمضان المبارک کے دوران مصنوعی مہنگائی اور گرانفروشی کے خاتمے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور گراں فروش عناصر آمنے سامنے آ گئے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب کے عوامی ریلیف مشن کے تحت ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر ضلع بھر میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی جانب سے سخت کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کے مطابق عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے شروع کی گئی خصوصی مہم کے دوران مارکیٹوں اور بازاروں میں مجموعی طور پر 4679 انسپکشنز کی گئیں، ان کارروائیوں کے دوران مقررہ نرخوں سے زائد قیمت وصول کرنے اور سرکاری نرخ نامے آویزاں نہ کرنے پر 8 مقدمات درج کروائے گئے جبکہ 22 گرانفروش دکانداروں کو گرفتار اور 14 دکانیں سیل کر دی گئی ہیں۔
انتظامیہ کی جانب سے خلاف ورزیوں میں ملوث افراد کو مجموعی طور پر 11 لاکھ 72 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ مصنوعی مہنگائی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام دکاندار سرکاری نرخ نامے نمایاں جگہوں پر آویزاں کریں بصورت دیگر بلاامتیاز قانونی کارروائی جاری رہے گی کیونکہ حکومت کی اولین ترجیح عوام کو سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی ہے۔
دوسری جانب شہری حلقوں نے ان اقدامات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ بڑے ہول سیلرز اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھی گھیرا تنگ کیا جائے، جبکہ ضلعی انتظامیہ نے مانیٹرنگ کا عمل مزید تیز کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ گرانفروشی کی شکایات فوری طور پر متعلقہ حکام کو رپورٹ کریں تاکہ بروقت ایکشن لیا جا سکے۔