اوکاڑہ ( کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی کی زیر صدارت پولیس اسٹیشن اسسٹنٹس (PSAs) کا ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں تھانوں میں سروس ڈلیوری کے نظام کو مزید بہتر اور شفاف بنانے کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کی گئیں۔
ڈی پی او اوکاڑہ نے اجلاس کے دوران اس بات پر زور دیا کہ تھانوں میں آنے والے سائلین اور شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور بہترین رویہ اختیار کیا جائے تاکہ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کا رشتہ مضبوط ہو سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کی شکایات کا ازالہ اور انہیں سہولیات کی فراہمی پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ تمام تھانوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کو ہر وقت آن لائن رکھا جائے تاکہ تھانوں کے اندرونی معاملات کی مؤثر نگرانی اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے استعمال سے ہی پولیسنگ کے نظام میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے مزید کہا کہ تھانوں میں موصول ہونے والی تمام درخواستوں کو طے شدہ ایس او پیز کے مطابق فوری طور پر ای ٹیگ لگایا جائے اور ان کی بروقت پراسیسنگ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ای پولیس پوسٹ میں کی جانے والی انٹریز کا باقاعدہ فالو اپ لینے اور تمام درخواستوں کو مقررہ ٹائم لائن کے اندر نمٹانے کے احکامات بھی جاری کیے۔