اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف مک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈی پی او محمد راشد ہدایت، پاک فوج کے افسران، وفاقی و صوبائی محکموں کے نمائندوں اور ضلعی انتظامیہ کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران اسمگلنگ، نان کسٹم پیڈ گاڑیوں، تجاوزات، غیر قانونی ایل پی جی شاپس اور پٹرول پمپس کے خلاف جاری کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ علاوہ ازیں گداگری، بجلی چوری، مدارس کی رجسٹریشن، تعلیمی اداروں میں مثبت رویوں کے فروغ اور سیکیورٹی ایڈوائزری پر عمل درآمد جیسے اہم امور بھی زیرِ غور آئے۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ عوام کے حقوق کے تحفظ اور قانون کی حکمرانی کے لیے باہمی ربط و ضبط کی پالیسی کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف موثر کارروائی ممکن ہو سکے۔
احمد عثمان جاوید نے افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ حکومتی پالیسیوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ‘زیرو ٹالرنس’ پالیسی اپنائی جائے اور وضع کردہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف بلا امتیاز قانونی چارہ جوئی کی جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ عوامی مفاد، شفافیت اور قانون کی بالادستی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اس لیے فیلڈ افسران اپنی تمام تر پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے دیانتداری سے فرائض انجام دیں۔ ڈپٹی کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ قانون کا نفاذ محض کاغذی کارروائیوں تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ عملی طور پر ایسے اقدامات نظر آنے چاہئیں جن کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچیں اور معاشرے میں بہتری واضح طور پر محسوس کی جا سکے۔