اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر)محکمہ سول ڈیفنس نے اوکاڑہ میں غیر قانونی ایل پی جی ری فلنگ شاپس کے خلاف ریکارڈ کارروائیاں کرتے ہوئے ضلع بھر میں 30 دکانیں سیل کر دیں، مالکان کے خلاف مقدمات درج کروا دیے گئے جبکہ گیس بھرائی کا سامان بھی ضبط کر لیا گیا۔
سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی کی زیر نگرانی اہلکاروں نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے رہائشی علاقوں میں قائم غیر قانونی ایل پی جی ری فلنگ پوائنٹس کو بند کیا۔ کارروائی کے دوران خطرناک آلات اور سلنڈر قبضے میں لے لیے گئے۔
اس موقع پر سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی نے کہا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ رہائشی علاقوں میں ایل پی جی سلنڈر ری فلنگ بڑے حادثات کا سبب بن سکتی ہے، جس سے قیمتی جانیں ضائع ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ عوامی جان و مال کے تحفظ کے لیے غیر قانونی ایل پی جی شاپس کے خلاف کریک ڈاؤن آئندہ بھی جاری رہے گا، جبکہ ایل پی جی گیس کی غیر قانونی بھرائی میں ملوث افراد کو سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔