اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف ملک ظفر) عالمی یومِ شہری دفاع کے سلسلے میں سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی کی زیرِ صدارت ایک نجی کالج میں خصوصی سیمینار اور آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں طلبہ، اساتذہ اور شہری دفاع کے اہلکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جہاں انہیں ہنگامی حالات اور قدرتی آفات سے نمٹنے کی تربیت دی گئی۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی نے کہا کہ شہری دفاع کا بنیادی مقصد عوام کو کسی بھی ناگہانی صورتحال میں محفوظ رکھنے کے لیے تیار کرنا ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ ابتدائی طبی امداد اور حفاظتی اقدامات کی تربیت حاصل کریں تاکہ مشکل وقت میں وہ معاشرے کے لیے ایک مؤثر محافظ کا کردار ادا کر سکیں۔
سیمینار کے بعد کالج میں ایک آگاہی واک بھی منعقد کی گئی، جس میں شرکاء نے شہری دفاع کی اہمیت اور احتیاطی تدابیر پر مبنی پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ مقررین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ معاشرے کے ہر فرد کو بنیادی تربیت حاصل کرنی چاہیے تاکہ حادثات کی صورت میں انسانی جانوں کے ضیاع کو کم سے کم کیا جا سکے۔