اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی کی ہدایت پر اوکاڑہ پولیس نے ماہِ فروری کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوری اور چھینے گئے 55 لاکھ روپے مالیت کے 115 موبائل فونز برآمد کر لیے ہیں۔ یہ کامیابی جدید ٹیکنالوجی اور ‘ای گیجٹ پولیس ایپ’ کے مؤثر استعمال کے ذریعے حاصل کی گئی۔
پولیس حکام کے مطابق برآمد شدہ تمام موبائل فونز کمیونٹی لائنزون ہال میں منعقدہ ایک پروقار تقریب کے دوران اصل مالکان کے حوالے کر دیے گئے۔ اس موقع پر اپنے قیمتی موبائل فونز واپس پانے والے شہریوں نے اوکاڑہ پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بروقت اقدامات کو سراہتے ہوئے پولیس ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔
ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اوکاڑہ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جدید ٹیکنالوجی کا استعمال جاری رہے گا تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے اور ضلع کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکے۔