اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) سعودی عرب نے موجودہ علاقائی صورتحال کے پیشِ نظر متبادل سپلائی روٹ کے ذریعے پاکستان کو پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی کی پکی یقین دہانی کرا دی ہے۔ یہ اہم پیش رفت وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں سامنے آئی ہے۔

ملاقات کے دوران پاکستان کی جانب سے متبادل روٹ کے طور پر بحیرہ احمر میں واقع یانبو کی بندرگاہ استعمال کرنے کی درخواست کی گئی، جس پر سعودی عرب نے مکمل حمایت کا اظہار کیا۔ علی پرویز ملک نے بتایا کہ سعودی حکام نے یانبو بندرگاہ سے سپلائی کی سکیورٹی کی ضمانت دی ہے اور خام تیل لانے کے لیے ایک جہاز کی روانگی کی بھی تصدیق کر دی ہے۔

وفاقی وزیر نے مشکل وقت میں تعاون پر برادر ملک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بیشتر سپلائی آبنائے ہرمز سے آتی ہے، تاہم موجودہ حالات میں سعودی عرب کا ساتھ دینا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یانبو بندرگاہ سے تیل کی فراہمی میں پاکستان کو ترجیح دی جائے گی تاکہ ملک میں توانائی کی سپلائی چین متاثر نہ ہو۔

سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے اس موقع پر کہا کہ کسی بھی ہنگامی ضرورت میں پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رہے گا کیونکہ دونوں ممالک ہر آزمائش میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ حکومتِ پاکستان کا کہنا ہے کہ وہ عوام کے لیے ایندھن کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے