ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ضلع بھر میں یومِ شہادت حضرت علی علیہ السلام کے سلسلے میں فول پروف سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈی پی او ارسلان زاہد نے ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ کے ہمراہ سٹی ننکانہ میں مرکزی جلوس کے روٹ کے تفصیلی دورے کے موقع پر کیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے مشترکہ طور پر مرکزی جلوس کے روٹ کا ملاحظہ کیا اور سیکیورٹی و حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا۔ 21 رمضان المبارک کو برآمد ہونے والا یہ مرکزی ماتمی جلوس زوار ڈاکٹر قمر حسین کے گھر سے شروع ہو کر امام بارگاہ قصرِ فاطمتہ الزاہراؑ پر اختتام پذیر ہوگا۔ دورے کے دوران افسران نے جلوس کے منتظمین سے بھی ملاقات کی اور انہیں مکمل تحفظ کی یقین دہانی کروائی۔

ڈی پی او ارسلان زاہد کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ضلع بھر کی تمام مجالس اور جلوسوں کے لیے ایک جامع سیکیورٹی پلان تشکیل دے دیا گیا ہے۔ ضلعی پولیس شہریوں کی حفاظت، امام بارگاہوں کی سیکیورٹی اور تمام مذہبی پروگراموں کو پرامن بنانے کے لیے الرٹ رہے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام حفاظتی اقدامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کے تمام محکمے باہمی تعاون سے امن و امان کی فضا برقرار رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں علمائے کرام، امن کمیٹی کے ممبران اور انجمنِ فقہ جعفریہ کے منتظمین سے مشاورتی میٹنگز مکمل کر لی گئی ہیں۔ جلوس کے روٹس پر لائٹس، کناتیں، فائر بریگیڈ کی گاڑیاں اور دیگر تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

اس دورے کے موقع پر اے ڈی سی جی شاہد کھوکھر، اے سی ننکانہ ثناء شرافت، ڈی ایس پی سرکل نواز ورک اور دیگر متعلقہ افسران بھی ہمراہ موجود تھے۔ ضلعی انتظامیہ نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ بین المسالک ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے