راولپنڈی (کیو این این ورلڈ) آپریشن غضب للحق کے تحت پاک افواج کی جانب سے افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے خلاف مؤثر اور منہ توڑ کارروائیاں جاری ہیں، سکیورٹی فورسز نے بروقت ایک بڑی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان کے سرحدی علاقے مواز کلے میں دہشتگرد عناصر کی جانب سے پاکستان میں داخل ہونے کی منصوبہ بندی کی جا رہی تھی، تاہم پاک فوج نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اس کوشش کو ناکام بنا دیا۔ کارروائی کے دوران متعدد دہشتگرد ہلاک ہو گئے جبکہ دیگر اپنے ٹھکانے چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے کمپاؤنڈز اور ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ان کے اہم مراکز مکمل طور پر تباہ کر دیے گئے۔ اس کارروائی کو آپریشن غضب للحق کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے، جس کا مقصد دہشتگردوں کے نیٹ ورک کا مکمل خاتمہ ہے۔
سکیورٹی اداروں کے مطابق پاک فوج علاقے میں سکیورٹی کو مزید مضبوط بنانے اور مستقبل میں کسی بھی ممکنہ دراندازی کو روکنے کے لیے ہائی الرٹ ہے، جبکہ سرحدی نگرانی کا نظام بھی مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ اس آپریشن کا بنیادی مقصد نہ صرف دہشتگرد عناصر کا خاتمہ ہے بلکہ شمالی وزیرستان میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا اور مقامی آبادی کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا بھی ہے۔
سکیورٹی فورسز کا عزم ہے کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک مکمل امن بحال نہیں ہو جاتا۔