لاہور (ویب ڈیسک): پنجاب میں کسی کو اقلیتوں کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، وزیر اعلیٰ مریم نواز کا دوٹوک اعلان
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں کرسمس کی ایک پروقار تقریب میں شرکت کی جہاں انہوں نے مسیحی برادری کے ساتھ خوشیاں بانٹیں، کیک کاٹا اور مستحق افراد میں کرسمس گرانٹ کے چیک تقسیم کیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے واضح کیا کہ پنجاب میں مقیم تمام اقلیتوں کی جان و مال کا تحفظ ان کی اولین ذمہ داری ہے اور وہ کسی بھی فرد یا گروہ کو اقلیتوں کے حقوق پامال کرنے یا ان سے ٹکر لینے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ایک ایسے ‘اقلیت دوست پنجاب’ کا خواب دیکھتی ہیں جہاں ہر شہری کو برابری کی بنیاد پر حقوق میسر ہوں اور حکومت نے اس سمت میں عملی اقدامات کرتے ہوئے اقلیتوں کا بجٹ 600 فیصد تک بڑھا دیا ہے۔
وزیر اعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی فلاحی اسکیموں، بشمول کسان کارڈ اور ہونہار اسکالرشپ کی فراہمی میں کبھی کسی کے ساتھ مذہب کی بنیاد پر امتیازی سلوک نہیں برتا گیا، جبکہ حالیہ ہاؤسنگ اسکیم کے تحت دیے گئے سوا لاکھ گھروں میں اقلیتوں کی ایک بڑی تعداد شامل ہے۔ مریم نواز نے مذہبی رواداری اور احترام کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ سکھ برادری کی پگڑی کی حرمت کے پیشِ نظر انہیں ہیلمٹ سے استثنیٰ دیا گیا ہے کیونکہ ہم اقلیتوں کو اپنے سر کا تاج سمجھتے ہیں۔ بھارتی سیاست پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہاں ایک وزیر اعلیٰ نے مسلم خاتون کا نقاب اتار کر مسلمانوں کی تذلیل کی، جبکہ پاکستان میں ہم اقلیتوں کی شناخت اور مذہبی شعائر کا بھرپور احترام کرتے ہیں۔