ننکانہ صاحب: (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ننکانہ صاحب میں عیدالفطر کے موقع پر سیکیورٹی اور شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ارسلان زاہد کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے ہدایت کی کہ تمام ادارے اپنے کنٹی جنسی پلان تیار رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر الرٹ رہیں۔ انہوں نے کہا کہ عیدگاہوں، مساجد، گلی محلوں اور شاہراہوں پر صفائی کے بہترین انتظامات کیے جائیں جبکہ پبلک پارکس اور تفریحی مقامات پر بھی خصوصی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس مہنگے داموں اشیائے خوردونوش فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں، جبکہ پنجاب فوڈ اتھارٹی خوراک کے معیار کی سخت جانچ پڑتال کرے۔ "ستھرا پنجاب” مہم کے تحت مختلف مقامات پر آگاہی کیمپس بھی لگائے جائیں گے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عیدگاہوں کو جانے والے راستوں کی صفائی، داخلی دروازوں پر فلاور گیٹس کی تنصیب اور چاند رات سے عید کے تینوں دنوں تک شہر میں خوبصورت لائٹنگ اور سجاوٹ کی جائے گی۔ سڑکوں کے اطراف تجاوزات کے خاتمے اور ٹریفک کے بہاؤ کو یقینی بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ عید کے موقع پر پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور متعلقہ ادارے لاری اڈوں پر اپنی موجودگی یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے دریاؤں اور نہروں میں نہانے پر مکمل پابندی عائد کرنے کا بھی اعلان کیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ارسلان زاہد نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ عیدگاہوں، مساجد اور نماز عید کے اجتماعات کے لیے فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی، جبکہ بازاروں، شاپنگ سینٹرز، قبرستانوں اور تفریحی مقامات پر بھی پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔ ضلع کے داخلی و خارجی راستوں کی کڑی نگرانی جاری ہے اور شاہراہوں پر پٹرولنگ میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ون ویلنگ، تیز رفتاری اور بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے پر مکمل پابندی ہوگی، جبکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ریسکیو 1122 فوری رسپانس یقینی بنائے گی۔ ضلع بھر کے ہسپتالوں میں طبی عملہ 24 گھنٹے موجود رہے گا۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ماہین فاطمہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شاہد کھوکھر، اسسٹنٹ کمشنر ثناء شرافت سمیت دیگر ضلعی افسران بھی شریک ہوئے۔