چنئی(کیو این این ورلڈ)بھارتی شہر چنئی میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے چوتھے میچ میں نیوزی لینڈ نے افغانستان کو شکست دے کر ایونٹ میں فاتحانہ آغاز کر دیا ہے۔ گروپ ڈی کے اس اہم مقابلے میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔ افغان بلے بازوں نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم کیوی باؤلرز کے سامنے بڑا اسکور بنانے میں ناکام رہے۔

183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پراعتماد آغاز کیا اور مطلوبہ ہدف 18 ویں اوور میں ہی حاصل کر لیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم سائفرٹ 65 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ گلین فلپس نے 42 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ میچ کے آخری لمحات میں ڈیرل مچل 25 اور مچل سینٹنر 17 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔

واضح رہے کہ رواں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 20 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جنہیں چار مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ کے پہلے روز تین میچز کھیلے گئے جس میں گروپ اے کے ایک اہم مقابلے میں پاکستان نے نیدر لینڈز کو شکست دے کر اپنی مہم کا آغاز جیت کے ساتھ کیا۔ چنئی میں کھیلے گئے اس میچ کے بعد گروپ ڈی کی صورتحال مزید دلچسپ ہو گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے