پسرور (نامہ نگار وقاص اسلم)سیالکوٹ کے نواحی گاؤں ستو والی میں نئے سال کی آمد کی مناسبت سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سیاسی و سماجی شخصیات اور سمندر پار پاکستانیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے دوران نئے سال کا کیک کاٹا گیا، اس موقع پر ممتاز سیاسی و سماجی شخصیت لیاقت سنیارہ اور اٹلی سے خصوصی طور پر پاکستان آئے ہوئے معظم سنیارہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں روزنامہ نوید پاکستان کے نمائندے وقاص اسلم، سعودی عرب سے آئے ہوئے شیراز سنیارہ، سلطان صاحب، حسنین سنیارہ، وقاص سنیارہ، حسن سنیارہ اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔
شرکاء نے نئے سال کے آغاز پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ایک دوسرے کو مبارکباد دی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ نیا سال باہمی محبت اور اخوت کے فروغ کا سال ثابت ہوگا۔ تقریب کے اختتام پر ملکِ پاکستان کی سلامتی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی اور اس خواہش کا اظہار کیا گیا کہ اللہ تعالیٰ نیا سال تمام اہل وطن کے لیے امن اور ترقی کا سال بنائے۔ مقررین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دیارِ غیر میں مقیم پاکستانیوں کا اپنے وطن کی خوشیوں میں شریک ہونا حب الوطنی کی بہترین مثال ہے اور ہم سب مل کر ہی پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نکال سکتے ہیں۔