نمیبیا (کیو این این ورلڈ) انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ میں سری لنکا کے نوجوان بیٹر ویران چامودیتھا نے تاریخ رقم کرتے ہوئے ایونٹ کا سب سے بڑا انفرادی اسکور بنا ڈالا۔ جاپان کے خلاف کھیلے گئے میچ میں چامودیتھا نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے محض 143 گیندوں پر 192 رنز کی ناقابلِ یقین اننگز کھیلی، جس میں 26 دلکش چوکے اور ایک بلند و بالا چھکا شامل تھا۔ اس شاندار کارکردگی کے ساتھ ہی انہوں نے اپنے ہم وطن ہسیتھ بویاگوڈا کا 191 رنز کا سابقہ ریکارڈ توڑ دیا، جو انہوں نے 2018 میں کینیا کے خلاف بنایا تھا۔
میچ کے دوران سری لنکن اوپنرز نے ایک اور عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کیا، جہاں چامودیتھا اور دیمانتھا مہاویتانا کے درمیان پہلی وکٹ کے لیے 328 رنز کی تاریخی شراکت قائم ہوئی، جو انڈر 19 ورلڈ کپ کی تاریخ میں کسی بھی وکٹ کے لیے سب سے بڑی پارٹنرشپ ہے۔ اس پہاڑ جیسے آغاز کی بدولت سری لنکا نے مقررہ اوورز میں 387 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔ ہدف کے تعاقب میں جاپان کی ٹیم بے بس نظر آئی اور 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 184 رنز ہی بنا سکی۔ یوں سری لنکا نے یہ یکطرفہ مقابلہ 203 رنز کے بھاری مارجن سے جیت کر ایونٹ میں اپنی دھاک بٹھا دی ہے۔