اسلام آباد(ویب ڈیسک) ایس آئی ایف سی کی مؤثر پالیسیوں اور معاونت کے باعث پاکستان کی آئی ٹی برآمدات تیزی سے بڑھ رہی ہیں اور ملک خطے میں ابھرتی ہوئی ڈیجیٹل طاقت کے طور پر ابھر رہا ہے۔
رواں مالی سال کے صرف پہلے پانچ ماہ میں پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں 19 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے نتیجے میں جولائی تا نومبر 2025 کے دوران مجموعی آئی ٹی برآمدات کا حجم 1.8 بلین ڈالر تک پہنچ گیا۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق نومبر 2025 میں آئی ٹی برآمدات کا حجم 356 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔
پاکستانی ٹیکنالوجی انڈسٹری عالمی منڈیوں میں پاکستان کی مثبت اور بااعتماد شناخت کو مزید مستحکم بنانے میں مسلسل کوشاں ہے۔ آئی ٹی برآمدات میں اضافہ نہ صرف ملکی معیشت کے لیے قیمتی زرمبادلہ کا ذریعہ ہے بلکہ یہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ڈیجیٹل خودمختاری کی جانب انقلابی پیش رفت کا بھی مظہر ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ایس آئی ایف سی کی معاونت سے آئی ٹی سیکٹر میں تیز رفتار ترقی نے معاشی استحکام اور عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں نمایاں اضافہ کیا ہے، جو پاکستان کی ڈیجیٹل اقتصادی ترقی میں سنگ میل ثابت ہو رہا ہے۔
اس تیز رفتار ترقی نے ملک کے اقتصادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع پیدا کیے ہیں اور پاکستان کی ڈیجیٹل خودمختاری کی جانب اہم پیش رفت کی بنیاد رکھی ہے، جس سے ملک خطے میں ایک مضبوط اور مستحکم ٹیکنالوجی مارکیٹ کے طور پر اپنی پہچان قائم کر رہا ہے۔