لاہور: (کیو این این ورلڈ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے واہگہ بارڈر لاہور پر نئے تعمیر ہونے والے عظیم الشان ایرینا کا افتتاح کر دیا ہے، جس کے بعد اب شائقینِ وطن پہلے سے کہیں زیادہ بڑی تعداد میں پرچم اتارنے کی پروقار تقریب (پریڈ) کا نظارہ کر سکیں گے۔ پاکستان رینجرز (پنجاب) کے زیرِ اہتمام جوائنٹ چیک پوسٹ واہگہ پر تعمیر کیے گئے اس جدید ایرینا کی افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ ان کے ہمراہ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، کور کمانڈر لاہور، صوبائی وزراء اور سینئر بیوروکریسی کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ نئے ایرینا کی تعمیر کے بعد شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش میں غیر معمولی اضافہ کیا گیا ہے، جس کے تحت نشستوں کی تعداد ساڑھے 7 ہزار سے بڑھا کر 25 ہزار کر دی گئی ہے تاکہ قومی جذبے سے سرشار ہزاروں مزید شہری روزانہ کی بنیاد پر اس تاریخی مقام پر پریڈ دیکھ سکیں۔

واہگہ بارڈر پر صرف ایرینا کی توسیع ہی نہیں کی گئی بلکہ یہاں کئی نئی تعمیرات بھی عمل میں لائی گئی ہیں جو شائقین کی دلچسپی اور حب الوطنی کے جذبے کو مزید جلا بخشیں گی۔ نئی تعمیرات میں تقسیمِ ہند کے تاریخی پس منظر کی عکاسی کرنے کے لیے ریلوے سٹیشن کا ماڈل، دشمن کے قبضے میں لیے گئے سامانِ حرب اور عظیم قربانیاں دینے والوں کی یاد میں یادگارِ شہداء پر مشتمل ایک وسیع تھیم پارک شامل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ تحریکِ آزادی سے لے کر دورِ حاضر تک کی تاریخ و ثقافت کو محفوظ کرنے کے لیے ایک جدید "پاکستان میوزیم” بھی تعمیر کیا گیا ہے جہاں سیاحوں کو وطنِ عزیز کے سفرِ ارتقاء سے متعلق آگاہی فراہم کی جائے گی۔ منصوبے میں پنجاب رینجرز کے جوانوں کے لیے اضافی دفاتر اور بیرکس، نمازیوں کے لیے مختص وسیع جگہ، فوڈ کورٹس اور گاڑیوں کے لیے وسیع و عریض کار پارکنگ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔

سیاحوں کے لیے کشش کو بڑھانے کے لیے بابِ آزادی کے مقام پر شاہی قلعہ کی طرز پر خوبصورت عالمگیری دروازہ نصب کیا گیا ہے جو واہگہ بارڈر کی شان و شوکت میں مزید اضافے کا باعث بنا ہے۔ اس کے ساتھ ہی جوائنٹ چیک پوسٹ پر نصب قومی پرچم کی بلندی میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے؛ پہلے یہ پرچم 115 میٹر بلند تھا، تاہم اب اسے 139 میٹر کی ریکارڈ بلندی پر لہرایا گیا ہے، جس کے بعد یہ ایشیا کا ساتواں اور جنوبی ایشیا کا بلند ترین قومی پرچم بن گیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے منصوبے کی تکمیل پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے قومی وقار کی علامت قرار دیا اور شاندار انتظامات پر پاکستان رینجرز پنجاب اور متعلقہ اداروں کی کاوشوں کو سراہا۔

