نیہا ککڑ اور ٹونی ککڑ کی نئی میوزک ویڈیو ’کینڈی شاپ‘ ریلیز ہوتے ہی سوشل میڈیا پر صارفین کی بحث کا محور بن گئی ہے، جہاں تعریف کے بجائے تنقید کی آوازیں زیادہ سنائی دے رہی ہیں۔

15 دسمبر کو جاری ہونے والے اس گانے نے آن لائن صارفین کو دو حصوں میں تقسیم کر دیا۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ گانے کے بول، رقص اور مجموعی انداز میں جدت کم اور تکرار زیادہ محسوس ہوتی ہے۔

کئی صارفین نے ویڈیو کو غیر ضروری طور پر اشتعال انگیز قرار دیا اور الزام لگایا کہ اس میں کے-پاپ اسٹائل کی نقالی کی کوشش کی گئی ہے جو قدرتی نہیں لگی۔ ڈانس اور بعض اشاروں کو بھی شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ کچھ نے نیہا ککڑ پر حد سے زیادہ مختلف دکھنے کی کوشش کا الزام لگایا۔

سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے گانے کو ’’کرنج‘‘ قرار دیا اور ٹونی ککڑ کے گانوں میں الفاظ اور دھنوں کی تکرار پر بھی سوال اٹھایا۔ کچھ نے ویڈیو کے چند مناظر کو نامناسب کہہ کر یہ سوال بھی اٹھایا کہ کیا مقبولیت کے لیے فنی معیار کو پیچھے چھوڑا جا رہا ہے۔

تاہم، نیہا ککڑ کے حامیوں کا کہنا ہے کہ فنکاروں کو نئے تجربات کرنے کا حق ہونا چاہیے اور ہر تخلیق کو سب کا پسند آ جانا ضروری نہیں۔ ان کے مطابق موسیقی میں جدت آزمائی پر تنقید کے بجائے اسے قبول کرنے کا حوصلہ ہونا چاہیے۔

فی الحال نیہا ککڑ اور ٹونی ککڑ کی جانب سے اس ردعمل پر کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔ واضح رہے کہ نیہا ککڑ ماضی میں کئی سپر ہٹ گانوں کے باعث انڈین میوزک انڈسٹری کی نمایاں آواز رہی ہیں، مگر حالیہ عرصے میں ان کے گیت اکثر سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بنتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے