نواب شاہ: (کیو این این ورلڈ)نواب شاہ میں مہران ہائی وے پر شدید دھند کے باعث گاڑیوں میں ہونے والے تصادم کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 2 بچے زخمی ہو گئے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک حادثہ مہران ہائی وے پر بوچھیری کے مقام پر پیش آیا جہاں حدِ نگاہ انتہائی کم ہونے کی وجہ سے دو گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر لاشوں اور زخمی بچوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق نواب شاہ کے ہی نواحی علاقے سے تھا، جو دھند کے باعث پیش آنے والے اس ناگہانی حادثے کا شکار ہو گئے۔

دوسری جانب ملک کے دیگر حصوں بشمول پنجاب، خیبرپختونخوا اور بالائی سندھ میں بھی شدید دھند کا راج برقرار ہے، جس کے باعث ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی ہے اور حکام نے حفاظتی اقدامات کے تحت متعدد موٹرویز کو بند کر دیا ہے۔ موٹروے پولیس کے مطابق حدِ نگاہ صفر ہونے کے باعث ایم ون پشاور ٹول پلازہ سے برہان تک، ایم ٹو ٹھوکر نیاز بیگ سے بالکسر تک اور ایم تھری فیض پور سے درخانہ تک ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔ اسی طرح ایم فور شیر شاہ سے پنڈی بھٹیاں اور ایم فائیو روہڑی سے شیر شاہ تک بند ہے، جبکہ لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم الیون پر بھی ٹریفک معطل کر دی گئی ہے۔ حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور گاڑیوں پر فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے تاکہ مزید حادثات سے بچا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے