کراچی: حکومت اور گڈز ٹرانسپورٹرز کے درمیان ہونے والے مذاکرات کامیاب ہو گئے، جس کے بعد گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے ملک بھر میں جاری ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر ملک شہزاد نے کہا کہ حکومت کی جانب سے دیے گئے وعدوں کی بنیاد پر ہڑتال ختم کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹرز کے تمام مطالبات تسلیم کر لیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ ٹرانسپورٹرز نے بھاری جرمانوں میں کمی، گاڑیوں کے لوڈ میں اضافے اور دیگر سہولتوں کا مطالبہ کیا تھا۔

ہڑتال کے باعث کراچی بندرگاہ پر کام شدید متاثر رہا، جہازوں کی آمد و رفت رک گئی جبکہ ایک جہاز کراچی پورٹ اور دو جہاز بندرگاہ کے باہر کلنکر پورٹ پر ٹرکوں کے انتظار میں کھڑے رہے۔ اس کے علاوہ صنعتوں تک خام مال کی ترسیل بھی معطل ہو گئی تھی۔

صدر آئرن مرچنٹس حماد پوناوالا نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹ کی ہڑتال کے باعث صنعتوں کو خام مال کی فراہمی رک گئی تھی، جس سے فیکٹریوں کے بند ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا اور لوہے کے تاجروں سمیت دیگر درآمد کنندگان کو اربوں روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے