ننکانہ صاحب: وساکھی میلہ انتظامات مکمل، کمشنر لاہور کا ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ

ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار احسان اللہ ایاز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر کمشنر لاہور ڈویژن مریم خان نے ننکانہ صاحب کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ترقیاتی و بیوٹیفیکیشن منصوبوں کا جائزہ لیا اور موٹروے انٹرچینج پر نئے سپورٹس ارینا کا افتتاح کیا۔

کمشنر لاہور نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے زیرِ علاج افراد کی عیادت بھی کی۔ انہوں نے مریضوں سے علاج معالجے کی سہولیات سے متعلق دریافت کیا۔

بعد ازاں کمشنر لاہور نے وساکھی تہوار کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے گوردوارہ جنم استھان کا دورہ کیا، جہاں ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ اور ڈی پی او ارسلان زاہد نے سکیورٹی اور دیگر انتظامات پر بریفنگ دی۔

کمشنر مریم خان نے کہا کہ وساکھی میلہ میں شرکت کے لیے ہزاروں سکھ یاتری ننکانہ صاحب پہنچ رہے ہیں، جن میں 3 سے 5 ہزار غیر ملکی یاتری بھی شامل ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ وساکھی تقریبات 10 سے 12 اپریل تک جاری رہیں گی اور گوردواروں میں فارن ڈیسک قائم کر دیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سکیورٹی، صفائی، پروٹوکول اور میونسپل انتظامات مکمل ہیں، جبکہ 2 ہزار سے زائد پولیس اہلکار ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔ گوردوارہ جنم استھان میں عارضی ہسپتال قائم کیا گیا ہے جبکہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں بھی خصوصی وارڈز مختص کیے گئے ہیں۔

کمشنر لاہور نے مزید کہا کہ شہر بھر میں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی اور 24 گھنٹے پولیس گشت یقینی بنایا جائے گا، جبکہ یاتریوں کے لیے پارکنگ اور رہائش کے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔

انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ گوردواروں میں بجلی کے نظام کو محفوظ بنایا جائے اور فوڈ اتھارٹی لنگر سمیت تمام کھانے پینے کی اشیاء کی باقاعدہ جانچ یقینی بنائے۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ وساکھی ایک بین الاقوامی ایونٹ ہے، اس موقع پر ٹیم ورک کے ذریعے یاتریوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں اور انہیں بھرپور خوش آمدید کہا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے