ننکانہ صاحب: (کیو این این ورلڈ/نامہ نگاراحسان اللہ ایاز)پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 ننکانہ صاحب نے سال 2025 کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ہے، جو ادارے کی احساسِ ذمہ داری اور شاندار پیشہ ورانہ مہارت کی عکاس ہے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار کی زیرِ صدارت منعقدہ اجلاس میں انکشاف کیا گیا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران کنٹرول روم کو مجموعی طور پر 1 لاکھ 84 ہزار 269 کالز موصول ہوئیں، جن میں سے 43 ہزار 81 اصل ایمرجنسی کالز تھیں۔ ان حادثات و واقعات کے دوران ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 54 ہزار 553 متاثرین کو ریسکیو کیا۔ رپورٹ کے مطابق ایمرجنسیز میں 8 ہزار 597 ٹریفک حادثات، 28 ہزار 145 میڈیکل ایمرجنسیز، 555 آتشزدگی کے واقعات، 889 لڑائی جھگڑے، 32 ڈوبنے کے واقعات اور 73 عمارات گرنے کے حادثات شامل تھے۔ ریسکیو 1122 نے اوسطاً 7 منٹ کا بہترین رسپانس ٹائم برقرار رکھتے ہوئے 26 ہزار 776 زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی جبکہ 26 ہزار 783 متاثرین کو ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم مختلف حادثات میں 994 افراد جاں بحق ہوئے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلعی سطح پر علاج کی سہولیات کی کمی کے باعث ڈاکٹروں نے جن 3 ہزار 895 مریضوں کو ریفر کیا، انہیں ریسکیو 1122 کی پیشنٹ ٹرانسفر سروس کے ذریعے لاہور اور فیصل آباد کے ہسپتالوں میں بلا معاوضہ منتقل کیا گیا۔ گزشتہ برس جنگی صورتحال کے دوران بھی سروس ہائی الرٹ رہی اور شاہ کوٹ کے علاقے دھارو والی میں ڈرون گرنے کے واقعے پر متاثرین کو بروقت امداد فراہم کی گئی۔ اسی طرح دریائے راوی میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کے دوران ریسکیو 1122 نے مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 ہزار 728 افراد اور 10 ہزار 368 جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا، جبکہ 2 ہزار 972 افراد کو ٹرانسپورٹیشن کی سہولت دی گئی۔ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بہترین ہم آہنگی اور جامع حکمت عملی کی بدولت سیلاب کے دوران ضلع بھر میں کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا، جو ریسکیو اہلکاروں کی پیشہ ورانہ تربیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار نے افسران اور ریسکیورز کی شبانہ روز محنت کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ وقت کے تقاضوں کے مطابق جسمانی فٹنس اور پیشہ ورانہ استعداد کار کو مزید بڑھایا جائے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ سال 2026 میں عوام کے ساتھ روابط کو مزید فروغ دیا جائے گا اور ہر فرد تک بنیادی طبی تربیت اور حادثات سے بچاؤ کی آگاہی پہنچائی جائے گی تاکہ ناگہانی سانحات کے اسباب کو کم سے کم کیا جا سکے۔ اجلاس میں ریسکیو سیفٹی آفیسرز، کنٹرول روم انچارج محمد نوید اور میڈیا کوآرڈینیٹر علی اکبر سمیت تمام اسٹیشن کوآرڈینیٹرز نے شرکت کی اور ادارے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔