ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/احسان اللہ ایاز)ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب کے زیرِ اہتمام تجاوزات اور مصنوعی مہنگائی کے خاتمے کے لیے پیرا فورس میں انویسٹیگیشن افسران کی بھرتی کا عمل تیزی سے جاری ہے، جس کے تحت امیدواروں کے رننگ اور فزیکل ٹیسٹ مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کی براہِ راست نگرانی میں ہونے والے اس بھرتی کے عمل میں شفافیت اور میرٹ کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔ انویسٹیگیشن افسران کے لیے منعقدہ رننگ ٹیسٹ میں مجموعی طور پر 37 خواتین نے حصہ لیا، جنہیں 12 منٹ میں ایک میل کا فاصلہ طے کرنا تھا۔ ٹیسٹ کے نتائج کے مطابق 16 خواتین مقررہ وقت میں دوڑ مکمل کرنے میں کامیاب رہیں جبکہ 21 خواتین فیل قرار پائیں، بعد ازاں فزیکل ٹیسٹ میں 15 خواتین نے کامیابی حاصل کی۔

مرد امیدواروں کے زمرے میں 155 نوجوانوں نے رننگ ٹیسٹ میں شرکت کی، جن کے لیے ایک میل کا فاصلہ طے کرنے کا وقت 8 منٹ مقرر تھا۔ سخت مقابلے کے بعد 76 مرد امیدواروں نے دوڑ مکمل کی جبکہ 79 امیدوار ناکام رہے۔ رننگ ٹیسٹ میں محمد مدثر نے پہلی، محسن عباس نے دوسری اور محمد طیب نے تیسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ فزیکل ٹیسٹ کے مرحلے میں 64 مرد امیدوار کامیاب اور 12 فیل قرار پائے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ٹیسٹ کے مقام پر پینے کے صاف پانی، صفائی ستھرائی اور میڈیکل سہولیات کے بہترین انتظامات یقینی بنائے گئے تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پیرا فورس میں بھرتی کا مقصد ضلع میں انتظامی نظم و ضبط کو بہتر بنانا ہے اور اس پورے عمل میں میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے