ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار احسان اللہ ایاز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر زہیب کے ہمراہ ڈی ایچ کیو ہسپتال ننکانہ صاحب کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہسپتال کے مختلف وارڈز، میڈیسن اسٹور اور فراہم کردہ طبی سہولیات کا تفصیلی معائنہ کیا۔
دورے کے دوران صوبائی وزیر صحت نے زیر علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کی اور ہسپتال میں ملنے والی طبی سہولیات اور ادویات کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بروقت اور معیاری علاج کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
خواجہ عمران نذیر نے ہسپتال میں صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات اور انتظامی امور پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ایم ایس اور طبی عملے کی کارکردگی کو سراہا۔ ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر زہیب نے اس موقع پر بہترین کارکردگی کی بنیاد پر ایم ایس ڈاکٹر افتخار محی الدین اور سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر راحیل اصغر کو تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کا بھی اعلان کیا۔
صوبائی وزیر نے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو مزید محنت اور لگن سے کام کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت کے مشن کو ہر صورت جاری رکھا جائے۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو انتظامی امور میں مزید بہتری لانے اور مریضوں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔