ننکانہ صاحب(نامہ نگاراحسان اللہ ایاز)ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ نے پنجاب ریگولیشن آف کائٹ فلائنگ آرڈیننس 2025 کے تحت ضلع کی حدود میں پتنگ بازی اور پتنگ سازی پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ عوامی پیغام میں ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ نئے قوانین کے تحت پتنگ اڑانے، ڈور بنانے یا اسے فروخت کرنے والوں کو 50 لاکھ روپے تک جرمانہ اور 7 سال قید کی سخت سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے کسی بھی فرد یا ادارے کو پتنگ بازی یا ڈور کی تیاری کا کوئی لائسنس جاری نہیں کیا، لہٰذا کسی بھی سطح پر قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی ایکشن لیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر نے والدین کو خصوصی تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھیں، کیونکہ کسی بھی بچے کے پتنگ اڑاتے پکڑے جانے کی صورت میں اس کے والدین کو جرمانے اور سزا کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پتنگ بازی یا مینوفیکچرنگ میں ملوث عناصر کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز، ضلعی کنٹرول روم کے نمبرز 056.9201046 اور 056.9201157، پولیس ہیلپ لائن 15 یا متعلقہ ایس ایچ او کو دیں۔ انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا، جبکہ درست نشاندہی کرنے والے شہری کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے 5 ہزار روپے نقد انعام بھی دیا جائے گا۔
