گھوٹکی (کیو این این ورلڈ/نامہ نگارمشتاق علی لغاری) گھوٹکی پولیس نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے ابرار احمد کولاچی کے بلائنڈ مرڈر کا معمہ حل کر دیا ہے جس میں مقتول کی بیوی ہی مرکزی ملزمہ نکلی ہے۔ ڈی ایس پی میرپور ماتھیلو محمد یونس، ڈی ایس پی یو ٹی سہیل احمد سومرو اور ایس ایچ او بدر دین برڑو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ 12 جنوری 2026 کو کوثر کالونی میں ابرار کولاچی کے قتل کی اطلاع ملی تھی جس پر ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران نے سخت نوٹس لیتے ہوئے خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی۔ پولیس ٹیم نے ٹیکنیکل بنیادوں پر تفتیش کرتے ہوئے مقتول کی بیوی آسیہ، اس کے بھائی محمد شعیب اور بھانجے کاشف علی کولاچی کو گرفتار کر لیا ہے جنہوں نے دورانِ تفتیش اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔

تفتیش کے دوران یہ لرزہ خیز انکشاف ہوا کہ ملزمہ آسیہ نے اپنے شوہر کی جائیداد اپنے بھائیوں اور رشتہ داروں کے نام کرانے کے لیے اسے قتل کرانے کا منصوبہ بنایا اور 15 لاکھ روپے میں سودا طے کیا۔ ملزمہ نے اپنے بھائی محمد شعیب کے ذریعے 5 اجرتی قاتلوں کو 11 لاکھ روپے نقد ادا کیے جو مقتول کے گھر میں ہی موجود تھے۔ پولیس نے گرفتار ملزمہ اور اس کے سہولت کاروں سمیت دیگر مفرور ملزمان سلیم، ضمیر اور روشن کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ایس ایس پی گھوٹکی نے اس پیچیدہ کیس کو قلیل وقت میں حل کرنے پر پولیس ٹیم کے لیے شاباش اور تعریفی اسناد کا پیغام جاری کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے