لاہور (ویب ڈیسک) شاہدرہ میں سوتیلی ماں کے ہاتھوں 6 سالہ بچی کا لرزہ خیز قتل، پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کر لیا
لاہور کے علاقے شاہدرہ میں ایک سنگین واردات سامنے آئی ہے جہاں ایک سنگدل سوتیلی ماں نے اپنی 6 سالہ سوتیلی بیٹی کو بدترین تشدد کا نشانہ بنا کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا کی جانب سے واقعے کا نوٹس لیے جانے کے بعد انچارج انویسٹی گیشن تھانہ شاہدرہ رانا عمر دراز نے اپنی ٹیم کے ہمراہ فوری کارروائی کرتے ہوئے مفرور ملزمہ کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق مقتولہ بچی کی شناخت کنزالایمان کے نام سے ہوئی ہے جسے اس کی سوتیلی ماں نے وحشیانہ تشدد کر کے قتل کیا اور واردات کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئی تھی، تاہم پولیس نے ہیومن انٹیلی جنس اور جدید طریقہ کار کی مدد سے ملزمہ کا سراغ لگا کر اسے سلاخوں کے پیچھے پہنچا دیا ہے۔
ایس پی انویسٹی گیشن سٹی فرحت عباس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ مقدمے کے مدعی سید عابد حسین نے اپنی پہلی بیوی کو طلاق دے دی تھی، جس کے بعد ان کے تینوں بچے پہلی بیوی سے ہونے والی اس شادی کے نتیجے میں عابد کے پاس ہی رہائش پذیر تھے جہاں ملزمہ نے اس درندگی کا مظاہرہ کیا۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ملزمہ کے خلاف مضبوط چالان مرتب کر کے اسے عدالت سے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی تاکہ مستقبل میں ایسے لرزہ خیز واقعات کا سدِباب ہو سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جرائم پیشہ عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، جبکہ کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔