ملتان (کیو این این ورلڈ) لاہور کے بعد جنوبی پنجاب کے اہم شہر ملتان میں بھی منکی پاکس کا مریض سامنے آگیا ہے جس کے بعد طبی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ نشتر ہسپتال کے ترجمان کے مطابق ہسپتال میں زیرِ علاج ایک مشتبہ مریض کا منکی پاکس ٹیسٹ کروایا گیا تھا جو کہ مثبت نکلا ہے، متاثرہ شخص کا تعلق خانیوال سے بتایا جاتا ہے۔ ترجمان نے مزید تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ ٹیسٹ رپورٹ موصول ہونے کے فوراً بعد مریض کو خصوصی طور پر قائم کردہ آئیسولیشن وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ماہر ڈاکٹرز کی نگرانی میں اس کا علاج جاری ہے۔

واضح رہے کہ پنجاب میں منکی پاکس کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور گزشتہ روز ہی لاہور کے میو ہسپتال میں بھی منکی پاکس کے 4 مریض رپورٹ ہوئے تھے جو اس وقت زیرِ علاج ہیں۔ طبی ماہرین نے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوری قریبی ہسپتال سے رجوع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے ملتان اور گرد و نواح میں الرٹ جاری کرتے ہوئے مریض کے اہلخانہ اور قریبی افراد کی اسکریننگ کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے