اسلام آباد (کیو این این ورلڈ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومتی اصلاحات کے نتیجے میں دس لاکھ سے زائد نئے ٹیکس دہندگان کو ٹیکس نظام میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ معیشت کو درست سمت میں ڈال دیا گیا ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے ہمراہ اقتصادی گورننس اصلاحات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آج کا دن صرف اصلاحاتی پروگرام کے آغاز کا نہیں بلکہ غوروفکر اور عزم کی تجدید کا دن ہے۔ اقتدار سنبھالتے وقت معیشت شدید چیلنجز کا شکار تھی، تاہم مشکل فیصلوں کے باوجود اصلاحات کے ذریعے بہتری ممکن بنائی گئی۔

شہباز شریف نے کہا کہ افراط زر 29.2 فیصد سے کم ہو کر 4.5 فیصد تک آ چکا ہے، جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر 9.2 ارب ڈالر سے بڑھ کر 21.2 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے ہیں۔ ان کے مطابق کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 3.3 ارب ڈالر سے تبدیل ہو کر 1.9 ارب ڈالر کے سرپلس میں بدل چکا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب تقریباً 8 فیصد سے بڑھ کر 10 فیصد سے زائد ہو گیا ہے اور سال 2025 میں ٹیکس وصولیوں میں 26 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے اور فرسٹ ویمن بینک کی نجکاری جیسے مشکل مگر ناگزیر فیصلے کامیابی سے مکمل کیے گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایف بی آر کو ڈیجیٹائز کیا گیا، مالی نظم و ضبط بحال کیا گیا اور عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کی معاشی بہتری اور اصلاحات کو سراہا ہے۔ وزیراعظم کے مطابق اصلاحات کا سفر درست سمت میں جاری ہے اور یہ کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے