اوچ شریف (کیو این این ورلڈ/نامہ نگارحبیب خان) تھانہ نوشہرہ جدید کی حدود موضع اسماعیل پور میں انسانیت سوز واقعہ پیش آیا ہے، جہاں معمولی تنازعہ پر بے زبان جانور کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنا دیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق ایک بھینس غلطی سے گھاس کی فصل میں داخل ہو گئی تھی، جس پر مشتعل افراد نے آپے سے باہر ہو کر جانور پر مبینہ طور پر شدید تشدد کیا جس کے نتیجے میں بھینس کی دونوں اگلی ٹانگیں ٹوٹ گئیں۔

ذرائع کے مطابق اس سفاکانہ واقعے میں ملوث مبینہ شخص کی شناخت منظور حسین گھلو کے نام سے ہوئی ہے، جو متاثرہ فریق کا قریبی رشتہ دار بتایا جاتا ہے۔ اس لرزہ خیز واقعے کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی اور شہریوں نے بے زبان جانور پر اس طرح کے ظلم کے خلاف سخت احتجاج کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس تھانہ نوشہرہ جدید نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں اور جانور پر تشدد کرنے والے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ دوسری جانب علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ ایسے انسانیت سوز واقعات کی روک تھام کے لیے ملزمان کو قرار واقعی سزا دی جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے