اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کے یومِ پیدائش کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ قائد کے تاریخی فرمودات ہمیں ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کی اہمیت کی یاد دلاتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قائداعظمؒ کی دور اندیش قیادت اور ان کے وضع کردہ ابدی اصول آج بھی پاکستان کو ترقی، استحکام اور قومی ہم آہنگی کی راہ پر گامزن رکھنے کے لیے بہترین رہنما کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ سردار اویس لغاری نے قوم سے اپیل کی کہ موجودہ حالات میں ہمیں رنگ، نسل، زبان، صوبائیت اور تمام تر نظریاتی اختلافات سے بالا تر ہو کر ایک متحدہ اور منظم قوم کے طور پر ابھرنا ہوگا تاکہ پاکستان کو ایک مستحکم، خوشحال اور باوقار ریاست کی حیثیت سے عالمی افق پر مزید بلندیوں تک پہنچایا جا سکے۔
وفاقی وزیر نے قائداعظمؒ کے اقلیتوں کے حقوق سے متعلق اس مشہور تاریخی فرمان کا بھی تذکرہ کیا جس میں آپؒ نے فرمایا تھا کہ "آپ آزاد ہیں، آپ آزاد ہیں کہ اپنے مندروں میں جائیں، آپ آزاد ہیں کہ اپنی مسجدوں میں جائیں یا پاکستان کی اس ریاست میں کسی بھی دوسری عبادت گاہ میں جائیں؛ آپ کا تعلق کسی بھی مذہب، ذات یا عقیدے سے ہو، اس کا ریاست کے امور سے کوئی تعلق نہیں۔” سردار اویس لغاری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ایک روادار، جامع اور مساوی حقوق پر مبنی معاشرہ ہے جہاں ہر شہری کو اپنے عقیدے کے مطابق زندگی گزارنے کا مکمل حق حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد کے وژن پر عمل پیرا ہو کر ہی ہم ایک ایسی ریاست کی تعمیر کر سکتے ہیں جہاں عدل و انصاف اور سماجی برابری کا دور دورہ ہو۔