اسلام آباد (ویب ڈیسک) صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کرسمس کے پرمسرت موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر کی مسیحی برادری کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی ملک و قوم کے لیے انجام دی گئی خدمات کو شاندار الفاظ میں سراہا ہے۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ کرسمس کا دن امید، امن اور ہمدردی کا عالمگیر پیغام لے کر آتا ہے جو ہمیں انسانیت کی خدمت اور باہمی رشتوں کی اہمیت کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کا وژن مکمل مذہبی آزادی اور تمام شہریوں کے لیے برابری کے حقوق پر مبنی تھا، اور یہی مذہبی آزادی و باہمی احترام ہمارے قومی عزم کی اصل بنیاد ہے۔ صدر زرداری نے سیاست، دفاع، تعلیم اور صحت سمیت دیگر تمام اہم شعبوں میں مسیحی برادری کے نمایاں کردار کو قابلِ فخر قرار دیتے ہوئے ان کے لیے نئے سال کی نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی تعلیمات پوری انسانیت کے لیے محبت، رواداری اور بھائی چارے کا عظیم درس ہیں، انہوں نے تعلیم اور صحت کے ساتھ ساتھ ملک کی سماجی و معاشی ترقی میں مسیحی شہریوں کے فعال اور مثبت کردار کی تعریف کی۔ وزیراعظم نے خاص طور پر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسیحی برادری کی لازوال قربانیوں کو پوری قوم کے لیے باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت رنگ، نسل اور مذہب سے بالاتر ہو کر تمام شہریوں کو یکساں مواقع اور تحفظ فراہم کرنے کے لیے پوری طرح کوشاں ہے۔ انہوں نے اس پختہ عزم کا اعادہ کیا کہ تمام طبقات مل کر ایک مضبوط، محفوظ اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے، وزیراعظم نے دعا کی کہ کرسمس کا یہ دن ملک میں امن، استحکام اور خوشحالی کی نئی نوید ثابت ہو۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے