میہڑ (کیو این این ورلڈ/منظورعلی جوئیہ کی رپورٹ) انڈس ہائی وے پر تیز رفتاری کے باعث پیش آنے والے ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں خواتین اور بچوں سمیت 11 افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ سے کراچی جانے والی ایک تیز رفتار مسافر کوچ، رکشہ اور ٹرک کے درمیان زوردار تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں رکشے اور کوچ میں سوار مسافر لہولہان ہو گئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے زخمیوں کو فوری طور پر تحصیل ہسپتال میہڑ منتقل کیا، جہاں زخمیوں میں شامل مردوں، خواتین اور بچوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔

ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد مزید علاج کے لیے لاڑکانہ ہسپتال ریفر کر دیا گیا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اس قدر شدید تھا کہ گاڑیاں بری طرح متاثر ہوئیں اور مسافروں کو نکالنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پولیس نے حادثے کی جگہ کا معائنہ کرنے کے بعد تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ حادثے کی اصل وجہ اور ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے۔ مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انڈس ہائی وے پر تیز رفتاری پر قابو پانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے