میہڑ:انڈس ہائی وے پر مزاحمت پر فائرنگ، زخمی نوجوان تشویشناک حالت میں لاڑکانہ منتقل

میہڑ (کیو این این ورلڈ/ رپورٹ منظور علی جوئیہ) تھرڑی محبت تھانہ کی حدود میں انڈس ہائی وے پر گاؤں سوجھرو گورڑ کے قریب مسلح ڈاکوؤں نے ڈکیتی کی کوشش کے دوران مزاحمت پر ایک نوجوان کو فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا۔ زخمی نوجوان کی شناخت الہڈنو سولنگی کے نام سے ہوئی ہے جو گاؤں نیاز حسین سہول کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق الہڈنو سولنگی انڈس ہائی وے سے گزر رہا تھا کہ دو مسلح موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے اسے اسلحہ کے زور پر روک کر لوٹنے کی کوشش کی۔ نوجوان کی جانب سے مزاحمت کرنے پر بے رحم ڈاکوؤں نے سیدھی فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ خون میں لت پت ہو کر گر پڑا جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

مقامی دیہاتیوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمی نوجوان کو فوری طور پر تحصیل ہسپتال میہڑ منتقل کیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد اس کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث اسے مزید علاج کے لیے لاڑکانہ ہسپتال ریفر کر دیا گیا ہے۔ آخری اطلاعات ملنے تک واقعے کا مقدمہ تھرڑی محبت تھانہ میں درج نہیں ہو سکا تھا اور نہ ہی کسی ملزم کی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔ شہریوں نے انڈس ہائی وے پر بڑھتی ہوئی بدامنی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پولیس پیٹرولنگ بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے