میہڑ ( کیو این این ورلڈ/ رپورٹ منظور علی جوئیہ) میہڑ کے نواحی گاؤں پپری میں بچوں کی معمولی بات پر ہونے والا جھگڑا شدت اختیار کر گیا، جس کے نتیجے میں مھیسر برادری کے دو گروپوں کے درمیان لاٹھیوں اور کلہاڑیوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔ اس خونی تصادم میں دونوں گروپوں کے 4 افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں، جنہیں تشویشناک حالت میں لاڑکانہ منتقل کر دیا گیا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق گاؤں پپری میں بچوں کے درمیان کھیل ہی کھیل میں معمولی تکرار ہوئی تھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے بڑے فساد کی شکل اختیار کر لی۔ تصادم کے دوران ایک گروپ سے محمد اسلم مھیسر جبکہ دوسرے گروپ سے علی اصغر مھیسر، عبدالرحمن اور عبدالرحیم مھیسر کلہاڑیوں اور ڈنڈوں کے وار سے لہولہان ہو گئے۔ مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو فوری طور پر تحصیل ہسپتال میہڑ منتقل کیا۔
ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی تاہم زخموں کی نوعیت گہری ہونے اور حالت غیر ہونے کے باعث چاروں زخمیوں کو مزید علاج کے لیے لاڑکانہ ہسپتال ریفر کر دیا گیا ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پائی جاتی ہے اور دونوں جانب سے تلخی برقرار ہے۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، تاہم آخری اطلاعات موصول ہونے تک میہڑ بی سیکشن تھانے پر واقعے کا کوئی باقاعدہ مقدمہ درج نہیں ہو سکا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کے بیانات قلمبند کرنے کے بعد قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔