اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو رپورٹ + سٹی رپورٹر)اوکاڑہ کے علاقے شیر گڑھ روڈ پر روز ویلی فیز 2 کے قریب افسوسناک ٹریفک حادثے میں مزدا ٹرک اور لوڈر رکشہ کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔

ذرائع کے مطابق مزدا ٹرک نمبر CAZ-9825 نے لوڈر رکشہ کو ٹکر مار دی، جس کے باعث رکشہ پر سوار 45 سالہ جابر علی موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ 55 سالہ محمد یوسف شدید زخمی ہو گیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔

ریسکیو اہلکاروں نے زخمی کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی، بعد ازاں ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد جاں بحق شخص کی نعش اور زخمی کو ٹی ایچ کیو ہسپتال رینالہ خورد منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

متوفی کے لواحقین کے مطابق جابر علی کے پسماندگان میں ایک بیوہ، تین بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں، جن میں سے دو بیٹے جسمانی معذوری کا شکار ہیں۔ شہریوں نے افسوسناک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے