لاہور:(کیو این این ورلڈ) جامعہ اشرفیہ کے سرپرست اعلیٰ اور ممتاز عالم دین مولانا فضل الرحیم اشرفی طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے ہیں۔ مولانا فضل الرحیم اشرفی وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے سرپرست، جامعہ اشرفیہ کے شیخ الحدیث اور سابق مہتمم تھے، جن کے شاگردوں کا حلقہ پاکستان سمیت پوری دنیا میں پھیلا ہوا ہے۔ ان کی نمازِ جنازہ آج بعد نمازِ ظہر جامعہ اشرفیہ لاہور میں ادا کی گئی، جس میں علمائے کرام، مشائخ عظام، وفاقی و صوبائی وزراء، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور عقیدت مندوں کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مولانا فضل الرحیم اشرفی کی رحلت پر ملک بھر میں سوگ کی فضا ہے اور علمی حلقوں میں اسے ایک بڑا خلا قرار دیا جا رہا ہے۔
مولانا فضل الرحیم اشرفی کے انتقال پر وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وفاقی وزیر احسن اقبال، مولانا فضل الرحمان، حافظ نعیم الرحمان اور دیگر سیاسی و مذہبی شخصیات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ مولانا فضل الرحیم اشرفی ایک جید عالم دین اور ممتاز محدث تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی قرآن و سنت کی تعلیمات اور دینی اقدار کے فروغ کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ دینی تعلیم کی ترویج اور طلبہ کی اخلاقی تربیت کے حوالے سے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل دے۔