خضدار (حبیب خان کی رپورٹ):خضدار پولیس کی بڑی کامیابیاں، ڈکیت گروہ سرغنہ سمیت گرفتار، منشیات فروش بھی شکنجے میں آگئے
ایس ایس پی خضدار شہزادہ عمر عباس بابر اور ایڈیشنل ایس پی عبدالقدوس دہوار کی زیرِ نگرانی خضدار پولیس نے شہر میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے دو مختلف کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ڈی ایس پی سٹی محمد رفیق مینگل کی خصوصی ہدایت پر عوامی شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او سٹی منیر عالم جتک نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ایک منظم ڈکیت گروہ کے خلاف چھاپہ مار کارروائی کی، جس کے نتیجے میں گروہ کا سرغنہ اپنے دو ساتھیوں سمیت پکڑا گیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت عامر، موسیٰ اور اسلم کے نام سے ہوئی ہے، جو شہر کی مختلف گلیوں اور شاہراہوں پر گن پوائنٹ پر شہریوں سے موٹر سائیکلیں اور موبائل فون چھیننے کی وارداتوں میں ملوث تھے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور چھینا گیا موٹر سائیکل بھی برآمد کر لیا ہے، جبکہ ان کے خلاف ڈکیتی اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کی دفعات کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے جس میں اہم انکشافات کی توقع ہے۔
ایک اور کارروائی کے دوران خضدار پولیس نے منشیات فروشی کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے بدنام زمانہ منشیات فروش اکرام کو حراست میں لے لیا۔ ملزم کے قبضے سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہوئی ہے جس پر پولیس نے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہر سے جرائم پیشہ عناصر، چوروں اور ڈکیتوں کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ مقامی سطح پر پولیس کی ان فوری اور موثر کارروائیوں کو عوامی حلقوں میں بڑے پیمانے پر سراہا جا رہا ہے۔